اسلام آباد۔30نومبر :پاکستان نے 2025 اور 2030 کے درمیان ملک بھر میں 3,000 الیکٹرک گاڑیوں کے چارجنگ اسٹیشنوں کا ہدف مقرر کیا ہے جو پائیدار نقل و حرکت کی جانب ایک اہم قدم ہے۔
اتوار کو اے پی پی کے ساتھ شیئر کی گئی سرکاری دستاویز کے مطابق حکومت نے رواں مالی سال کے لیے 240 چارجنگ اسٹیشن مختص کیے ہیں۔ یہ نجی شعبے کی شراکت کے ذریعے قائم کیے جائیں گےجس کی نگرانی وزارت صنعت و پیداوار، نیشنل انرجی ایفیشنسی اینڈ کنزرویشن اتھارٹی (این ای سی اے)، وزارت توانائی (پاور ڈویژن)، نیپرا اور تقسیم کار کمپنیوں کے درمیان ہوگی۔
یہ اقدام نئی انرجی وہیکل پالیسی کے مسودے کا حصہ ہے جسے وزارت صنعت و پیداوار نے تیار کیا ہے جس کا مقصد ملک بھر میں برقی نقل و حرکت کو اپنانے میں تیزی لانا ہے۔این ای ای سی اے کے مینڈیٹ کے تحت 24 اکتوبر 2024 کو الیکٹرک وہیکل چارجنگ انفراسٹرکچر (ای وی سی آئی ) اور بیٹری سویپنگ اسٹیشنز (بی ایس ایس) ریگولیشنز کے نوٹیفکیشن کے بعد سےوفاقی حکومت نے چارج کرنے کے لیے پہلے ہی 72 لائسنس جاری کیے ہیں۔