کراچی
صوبائی وزیر برائے ورکس اینڈ سروسز و جیل خانہ جات سندھ علی حسن زرداری نے کراچی میں زیرِ تعمیر نیو وزیرِاعلیٰ سیکریٹریٹ بلڈنگ کا تفصیلی دورہ کیا، جہاں انہوں نے مختلف بلاکس، فلورز اور تعمیراتی حصوں کا معائنہ کرتے ہوئے جاری ترقیاتی پیش رفت کا جائزہ لیا۔
دورے کے دوران متعلقہ افسران نے صوبائی وزیر علی حسن زرداری کو منصوبے کے مختلف مراحل، استعمال ہونے والے تعمیراتی میٹریل، فائنشنگ کے معیار اور تکمیل کی مقررہ مدت سے متعلق بریفنگ دی
صوبائی وزیر علی حسن زرداری نے تعمیراتی کام کے معیار پر اطمینان کا اظہار کیا، تاہم مجموعی پیش رفت میں تاخیر اور بعض شعبوں میں سست رفتاری پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔
انہوں نے واضح ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ وزیرِاعلیٰ سیکریٹریٹ کا یہ منصوبہ صوبائی حکومت کی انتظامی فعالیت اور گورننس کے ڈھانچے میں مرکزی حیثیت رکھتا ہے، لہٰذا اس میں کسی بھی قسم کی تاخیر ناقابلِ قبول ہے۔
صوبائی وزیر علی حسن زرداری نے متعلقہ افسران کو حکم دیا کہ تمام رکاوٹیں فوری طور پر دور کی جائیں، کام کی رفتار میں اضافہ کیا جائے اور تعمیراتی معیار پر کوئی سمجھوتہ کیے بغیر طے شدہ مدت کے اندر منصوبہ ہر صورت مکمل کیا جائے۔
صوبائی وزیر علی حسن زرداری نے مزید کہا کہ تعمیراتی منصوبوں میں شفافیت، معیاری کام اور بروقت تکمیل صوبائی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں، اور اس پالیسی پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے تمام محکموں کو جوابدہ بنایا جا رہا ہے۔
اس موقع پر سیکریٹری ورکس اینڈ سروسز محمد نواز سوہو بھی صوبائی وزیر کے ہمراہ تھے جنہوں نے جاری تعمیراتی سرگرمیوں، فزیبلٹی کے مراحل اور آئندہ پی سی ون اپڈیٹس سے متعلق تفصیلی بریفنگ پیش کی۔
صوبائی وزیر علی حسن زرداری نے متعلقہ ٹیم کو ہدایت کی کہ روزانہ کی بنیاد پر پیش رفت رپورٹ جمع کرائی جائے اور تعمیراتی سائٹ پر ہر سطح کے کام کی مسلسل مانیٹرنگ کی جائے۔
دورے کے اختتام پر صوبائی وزیر علی حسن زرداری نے پورے عملے کو یہ بھی باور کرایا کہ عوامی اور سرکاری مفاد کے حامل منصوبوں میں غفلت یا سستی برداشت نہیں کی جائے گی، اور محکمہ ورکس اینڈ سروسز سندھ تعمیراتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہا ہے۔