مودی کی حکومت کشمیری قیادت کو جھوٹے مقدمات، کالے قوانین اور نام نہاد عدالتی فیصلوں کے ذریعے منظم انداز میں ختم کرنے کی کوشش کر رہی ہے ، مشعال حسین ملک

15

اسلام آباد۔17جنوری :حریت لیڈر یاسین ملک کی اہلیہ مشعال حسین ملک نے کہا ہے کہ نریندر مودی کی حکومت مقبوضہ جموں و کشمیر میں کشمیری قیادت کو جھوٹے مقدمات، کالے قوانین اور نام نہاد عدالتی فیصلوں کے ذریعے منظم انداز میں ختم کرنے کی کوشش کر رہی ہے لیکن شدید جبر اور مظالم کے باوجود کشمیری عوام آج بھی آزادی کے حق میں ڈٹے ہوئے ہیں۔

ہفتہ کو اپنے ایک بیان میں مشعال حسین ملک نے کہا کہ مودی حکومت نے کشمیر میں عدالتوں کو سیاسی انتقام کا ہتھیار بنا دیا ہے،جھوٹے مقدمات کے ذریعے کشمیری قیادت کو آہستہ آہستہ جیلوں میں ڈالا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آسیہ اندرابی کو سزا دینا پوری کشمیری قوم کو خوفزدہ کرنے کی کوشش ہے۔مشعال ملک نے مزید کہا کہ آزادی کی بات کرنا آج بھارت میں سب سے بڑا جرم بنا دیا گیا ہے،مودی سرکار اختلافِ رائے سے خوفزدہ ہو کر جبر کی انتہا پر پہنچ چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قیادت کو قید کیا جا سکتا ہے مگر آزادی کی سوچ کو نہیں،تمام تر ظلم کے باوجود کشمیری عوام آج بھی حقِ آزادی کے لیے کھڑے ہیں،کشمیر کا مسئلہ دبانے سے نہیں، اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ہو گا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.