صدرمملکت آصف علی زرداری کا جنوب مشرقی ایشیا میں شدید سیلاب کے باعث جانی نقصان اور لاکھوں افراد کی بے دخلی پر اظہار افسوس

38

اسلام آباد۔30نومبر :صدرمملکت آصف علی زرداری نے جنوب مشرقی ایشیا میں شدید سیلاب کے باعث ہونے والے بڑے پیمانے پر جانی نقصان اور لاکھوں افراد کی بے دخلی پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔اتوار کے روز ایوان صدر کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے کہا کہ اس سانحے میں سینکڑوں قیمتی جانوں کا ضیاع اور متعدد افراد کے لاپتہ ہونے کی اطلاعات پاکستان کے عوام کے لیے انتہائی رنج کا باعث ہیں۔

انہوں نے انڈونیشیا، ملائیشیا اور تھائی لینڈ کی حکومتوں اور عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی تعزیت کی۔صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان خود بھی موسمیاتی تبدیلیوں سے پیدا ہونے والی آفات کا سامنا کر رہا ہے، اس لیے وہ ایسے سانحات کے درد اور بے یقینی کو بخوبی سمجھتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ زیرِ آب آنے والی بستیوں اور گھروں سے محروم ہونے والے خاندانوں کے مناظر اس بات کی یاد دہانی ہیں کہ ہم سب انسان مشترکہ طور پر بڑھتی ہوئی ماحولیاتی تباہ کاریوں کے خطرات سے دوچار ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان علاقائی شراکت داروں اور بین الاقوامی اداروں کے ساتھ قریبی رابطے میں رہے گا تاکہ اپنی استطاعت کے مطابق متاثرہ ممالک کی مدد کے عملی طریقوں پر غور کیا جا سکے۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان اس مشکل گھڑی میں متاثرہ ممالک کے ساتھ کھڑا ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.