اسلام آباد۔4دسمبر :وزیراعظم محمد شہباز شریف نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو پاکستان کا پہلا چیف آف ڈیفنس فورسز تعینات ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے ۔ جمعرات کو وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم نے کہا کہ چیف آف ڈیفنس فورسز کی تعیناتی عصری اور جدید جنگی تقاضوں سے ہم آہنگ ہے، اس سے ملک کا دفاع مزید بہتر ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں ہماری بہادر افواج نے دشمن کو عبرتناک شکست دی۔ ان کی قیادت میں معرکہء حق میں شاندار کامیابی سے پاکستان کا نام پوری دنیا میں روشن ہوا اور پاکستان کو عزت ملی۔
وزیراعظم نے چیف آف ایئر اسٹاف ظہیر احمد بابر سدھو کو بھی مدت ملازمت میں دو سال کی توسیع پر مبارکباد دیتے ہوئے ان کے لیے بھی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ظہیر احمد بابر سدھو کی قیادت میں پاک فضائیہ نے معرکہء حق میں شاندار پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے دشمن کے جنگی ہوائی جہاز تباہ کئے اور دشمن پر اپنی دھاک بٹھائی۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کے دفاع، ترقی و خوشحالی کے لئے ملک کے تمام ادارے مل کر کام کریں گے اور ملک کے دفاع کو مل کر ناقابل تسخیر بنائیں گے۔