یو این ویمن پاکستان کا صنف کی بنیاد پر تشدد کے خلاف عالمی 16 روزہ مہم کے موقع پر تقریب کا انعقاد

23

اسلام آباد۔4دسمبر :یو این ویمن پاکستان نے سٹیٹ بینک اور شریک یو این ایجنسیوں کے تعاون سے صنف کی بنیاد پر تشدد کے خلاف عالمی 16 روزہ مہم کے موقع پر ’’مالی اور ڈیجیٹل شمولیت بطور محفوظ معیشت کی راہ” کے موضوع پر کراچی میں ایک اعلیٰ سطح کی تقریب کا انعقاد کیا۔ تقریب میں خواتین کو محفوظ ڈیجیٹل مالیات اور ٹیکنالوجی کے ذریعے بااختیار بنانے کی فوری ضرورت پر زور دیا گیا۔مالی شعبے کی نمائندگی کرتے ہوئےسٹیٹ بینک کے ڈپٹی گورنر سلیم اللہ نے زور دے کر کہا کہ ڈیجیٹل ادائیگیاں اور مالی خدمات صرف اسی وقت خواتین کی زندگیوں میں تبدیلی لا سکتی ہیں جب اعتماد اور تحفظ کی ضمانت دی جائے۔

انہوں نے پاکستان کی ڈیجیٹل معیشت میں خواتین کی شرکت کو مضبوط بنانے کے لئے محفوظ، شمولیتی اور صنفی لحاظ سے ذمہ دار مالی نظام کو فروغ دینے کے سٹیٹ بینک کے عزم کا اعادہ کیا۔ مہمانِ خصوصی پاکستان سٹاک ایکسچینج کی چیئرپرسن شمشاد اختر نے مالی مارکیٹوں اور اداروں میں خواتین کی نمائندگی بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کی مالی موجودگی کو فعال اور محفوظ بنانے سے پاکستان کی اقتصادی ترقی مضبوط اور زیادہ پائیدار ہوجائے گی۔ اقوام متحدہ کی خیر سگالی سفیر ہانیہ عامر نے آن لائن اپنائے جانے والے رویوں کو نئی شکل دینے، ضرر رساں روایات کو چیلنج کرنے کی اپیل کی تاکہ خواتین بلا خوف و خطر کام، حصولِ تعلیم اور اظہارِ خیال کر سکیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ اختیار کے ساتھ تحفظ بھی ہونا چاہئے ، چاہے وہ آن لائن ہو یا آف لائن۔ تقریب میں سینئر حکومتی نمائندوں، مالی اور کارپوریٹ شعبے کے رہنماؤں، خواتین انٹرپرینورز، اقوام متحدہ کے اہلکاروں، سول سوسائٹی کے شراکت داروں اور نوجوانوں کے حقوق کے علمبرداروں نے شرکت کی جس سے خواتین اور لڑکیوں کے لئے شمولیتی ڈیجیٹل اور مالی ایکو سسٹم کو وسعت دینے کے مشترکہ عزم کی توثیق ہوتی ہے۔یو این ویمن کی ریجنل ڈائریکٹر کرسٹین عرب نے خیرمقدمی کلمات میں کہا کہ مالی اور ڈیجیٹل رسائی کو بنیادی حقوق کی حیثیت حاصل ہے، جب ہم خواتین کی رازداری، سلامتی اور اقتصادی خود مختاری کا تحفظ کرنے والے نظام بناتے ہیں تو ہم نہ صرف خاندانوں کو مضبوط کرتے ہیں بلکہ معیشتوں کو بھی پختہ کرتے ہیں، آج ہم اعادہ کرتے ہیں کہ خواتین اور لڑکیوں کے لئے ڈیجیٹل اور مالی شعبوں کو محفوظ، منصفانہ اور زیادہ مساوی بنانے کی اجتماعی ذمہ داری ہم سب پر ہے۔

یو این ویمن پاکستان کے ریاستی نمائندے جمشید قاضی نے اختتامی کلمات کے دوران اس بات پر زور دیا کہ تمام مالی پلیٹ فارمز، ڈیجیٹل خدمات اور سرکاری نظام میں تحفظ کا عنصر شامل کرنے کے لئے مربوط اقدامات کی ضرورت ہے اور یہ کہ حکومت، مالی اداروں، ٹیکنالوجی شعبوں، سول سوسائٹی اور کمیونٹیز کی اجتماعی کوششوں کی مدد سے خواتین کی پُراعتماد اور باوقار انداز سے ڈیجیٹل دنیا میں شمولیت یقینی بنائی جاسکتی ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.