پاکستان اور مصر کے درمیان تجارتی و معاشی روابط کے فروغ کے لیے نئی پاکستان-مصر بزنس کونسل قائم کی جائے گی ،اسحاق ڈار کی مصری وزیرِ خارجہ کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس

اسلام آباد۔30نومبر:نائب وزیراعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان اور مصر کے درمیان تجارتی و معاشی روابط کے فروغ کے لیے نئی پاکستان-مصر بزنس کونسل قائم کی جائے گی تاکہ دوطرفہ تعاون کو ادارہ جاتی شکل دی جاسکے اور باہمی مفادات پر مبنی تجارتی سرگرمیوں اور کاروباری روابط کو مضبوط بنایا جائے۔مصری وزیرِ خارجہ ڈاکٹر بدر احمد محمد عبدالعاطی کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ پاکستان-مصر بزنس فورم بھی قائم کیا جائے گا، جس کی مشترکہ طور پر دونوں وزرائے خارجہ سربراہی کریں گے، اس کا پہلا اجلاس 2026 کی دوسری سہ ماہی میں قاہرہ میں منعقد ہوگا تاکہ تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون کو مزید بڑھایا جاسکے۔انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے نمایاں کاروباری ادارے ان فورمز میں شامل ہوں گے۔

نائب وزیراعظم/وزیر خارجہ کے مطابق، دونوں ممالک نے باہمی تجارت کو فروغ دینے کے لیے بی ٹو بی سطح پر سرگرمیوں کے فروغ کا فیصلہ کیا ہے، کیونکہ دونوں ممالک کے درمیان موجودہ تقریباً 300 ملین ڈالر کی تجارت ان کے باہمی تعلقات کی گہرائی کے مطابق نہیں۔اسحاق ڈار نے بتایا کہ پاکستان کی جانب سے مختلف شعبوں کی نمائندگی کرنے والے 250 کاروباری اداروں کی فہرست مرتب کی جائے گی جو فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور متعلقہ چیمبرز کی مشاورت سے ایک شفاف عمل کے ذریعے منتخب ہوں گے۔

ان کاروباری اداروں کو دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری بڑھانے کے لیے سہولیات فراہم کی جائیں گی اور بعد ازاں ان کا مصر میں وائٹ لسٹ میں اندراج کیا جائے گا۔انہوں نے مزید بتایا کہ بزنس کمیونٹی کے لیے ویزا سہولت میں بھی بہتری لائی جائے گی جبکہ چھ ماہ بعد مزید 250 اداروں کی فہرست شامل کرکے مجموعی تعداد 500 کردی جائے گی۔ مصری وزیرِ خارجہ نے اپنی جانب سے بھی اسی نوعیت کی فہرست تیار کرنے پر اتفاق کیا ہے۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ 2010 کے بعد پاکستان اور مصر کے درمیان مشترکہ وزارتی اجلاس منعقد نہیں ہوا، اس لیے اگلے سال پہلی سہ ماہی میں دونوں ممالک کی وزارتِ خارجہ کے اعلیٰ حکام کے درمیان سیاسی مشاورت کے اجلاس پر اتفاق ہوا ہے۔ انہوں نے مصری وزیرِ خارجہ کی جانب سے پاکستانی طلبہ کے لیے مذہبی تعلیم کے اسکالرشپس دگنی کرنے کے اعلان کا بھی خیر مقدم کیا۔مصری وزیرِ خارجہ نے اپنے بیان میں دہشت گرد حملوں میں قیمتی جانی نقصان پر پاکستانی حکومت اور عوام کے ساتھ تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پاکستان کی کوششوں کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ مصر اور پاکستان ثقافت، مذہب اور دیرینہ دوستی کے مضبوط رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں اور دونوں ممالک علاقائی و عالمی معاملات پر یکساں مؤقف رکھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ دونوں ملک تجارت، سرمایہ کاری اور کاروباری ترقی کے لیے ٹھوس اقدامات پر متفق ہوئے ہیں اور پاکستانی کاروباری شخصیات کو مصر میں سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے کی دعوت دی۔ مصری وزیر نے دونوں ممالک کے درمیان رابطوں میں اضافے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

Comments (0)
Add Comment